سرسی:21؍فروری (ایس او نیوز)ٹرافک نظام میں بہتری لانے کے لئے سرسی زون پولس مسلسل محنت کررہی ہے، جس کے نتیجےمیں سرسی پولس نے جنوری کے صرف ایک مہینے میں ٹرافک اصولوں کی خلاف ورزی کے 1814معاملات درج کرتے ہوئے 3لاکھ 5ہزار روپیوں سے زائد جرمانہ وصول کیا ہے۔ ساتھ ہی پولس نے انتباہ دیا ہے کہ ہماری کارروائی یہیں پر رک نہیں جائے گی بلکہ ہم پوری مستعدی کے ساتھ ٹرافک خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے رہیں گے۔
گزشتہ ماہ ڈی وائی ایس پی عہدے کا چارج سنبھالے جی ٹی نایک نے کہاتھا کہ میری پہلی ترجیح ٹرافک نظام میں بہتری لانا ہے۔ جس کے لئے ہر پولس تھانے کی طرف سے کارروائی ہوگی۔ ڈی وائی ایس پی کا حکم جاری ہوتے ہی سرسی زون کا ہر تھانہ متحرک ہوکر تلاشی شروع کی تو صرف ایک مہینے میں ہی ہزاروں کیس درج کئے ہیں۔
جرمانہ عائد کرنےمیں سرسی شہری پولس تھانہ سرفہرست ہے ، جہاں پی ایس آئی مادیش کی ٹیم نے 405کیس درج کرتے ہوئے 68500روپئے جرمانہ وصول کیاہے۔یلاپور میں 310کیس اور 65ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے دوسرے مقام پرہے۔ سرسی مضافاتی تھانہ میں پی ایس آئی شیو کمار کی ٹیم 424معاملات درج کرتے ہوئے 64000جرمانہ حاصل کرتے ہوئے تیسرے مقام پرہے۔ اسی طرح سرسی مارکیٹ تھانہ پی ایس آئی ششی کمار کی ٹیم 308کیس اور 48800روپئے جرمانہ۔ بنواسی تھانہ سب انسپکٹر جے بی سیتارام کی ٹیم 200کیس اور 27300روپئے جرمانہ ، سداپور پولس تھانہ میں 109کیس اور 23ہزار روپئے جرمانہ اور منڈگوڈ صرف 58کیس اور 8500جرمانہ عائد کرتے ہوئے آخری مقام پرہے۔ہیلمٹ، انشورنس،لائسنس، ماحولیاتی جانچ ، جہاں تہاں اپنی سواریوں کو کھڑے کرنے ، صحیح دستاویزات نہیں ہونے سمیت مختلف کیس درج کرلئے گئے ہیں۔ کلی طورپر سرسی زون پولس نے سواروں کو بتایا ہے کہ وہ ٹرافک اصولوں کی خلاف ورزی کرتےہوئے چلیں گے تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ پولس کی سخت کارروائی پر عوام نے ستائش کی ہے۔